بینظیر کے ورثاء نے انصاف کیلئے صرف باتیں کیں : سعد رفیق

بینظیر کے ورثاء نے انصاف کیلئے صرف باتیں کیں : سعد رفیق

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حصول انصاف کے لیے ورثا اور پیپلز پارٹی نے زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں کیا۔


سماجی رابطے کی ایک ویب سائٹ پر مختلف ٹویٹس میں سعد رفیق کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی نااہلی اور بے نظیر قتل کیس کے نتائج نے نظام پر شبہات میں اضافہ کردیا۔پرویز مشرف پاکستان کے نظام عدل سے زیادہ طاقتور ثابت ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ بحالی تحریک کے نتیجے میں عدلیہ بحال کرا لی مگر اس کا وقار اور آزادی بحال نہیں کرا سکے جب کہ پرویز مشرف پاکستان کے نظام عدل سے زیادہ طاقتور ثابت ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو، اکبر بگٹی، لال مسجد قتل عام اور ججز نظر بندی کے بڑے ملزم پرویز مشرف کے باہر جانے کا کریڈٹ دھرنا دینے اور دلوانے والوں کوجاتا ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ توانا،شفاف اور فعال جمہوریت کے قیام کے لیے اہم اسٹیک ہولڈرز نے اپنی ذمہ داری سے پہلو تہی کی ہے، شفاف اور طاقتور جمہوری نظام کے لیے قومی مکالمہ نہ کیا گیا تو داخلی انتشار بڑھے گا۔سعد رفیق نے مزید کہا کہ بیرونی دشمنوں کی ناکامی کے لیے اندرونی مسائل بات چیت سے ہی حل کرنا ہوں گے۔