رومان رئیس 6 ستمبر کو زندگی کی نئی اننگ شروع کرینگے

رومان رئیس 6 ستمبر کو زندگی کی نئی اننگ شروع کرینگے

لاہور:آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں قومی کرکٹر وہاب ریاض کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے کھلاڑی رومان رئیس 6 ستمبر کو شادی کے بندھن میں بندھیں گے۔ تفصیلات کے مطابق رومان رئیس ان دنوں اپنی دلہن لانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور 6 ستمبر کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کچھ عرصہ قبل ہی اپنے والدین کی پسند سے عائشہ نامی لڑکی کے ساتھ منگنی کی تھی۔
پاکستان سپر لیگ سے شہرت پانے والے قومی ٹیم کے فاسٹ باولر رومان رئیس نے اپنی کارکردگی کی بدولت ٹیم میں جگہ بنائی اور انہیں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے وہاب ریاض کے زخمی ہونے کے بعد انگلینڈ کیخلاف ون ڈے میں اپنی صلاحیتیوں کے جوہر دکھانے کا موقع ملا جس میں انہوں نے الیکس ہیلز اور پلینکٹ جیسے کھلاڑیوں کی اہم وکٹیں حاصل کیں۔ ورلڈ الیون کے خلاف تین ٹی 20 میچوں کے لئے سولہ رکنی سکواڈ میں رومان رئیس کا نام بھی شامل ہے۔