'موقع ملا تو پارٹی یا صوبے کا نہیں ملک کا صدر بن کر کام کروں گا'

'موقع ملا تو پارٹی یا صوبے کا نہیں ملک کا صدر بن کر کام کروں گا'
کیپشن: ممنون حسین اور مجھ میں فرق عوام خود دیکھ لیں گے، عارف علویٰ۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: لاہور میں پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوارعارف علوی کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام کیا گیا جس میں پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ پی ٹی آئی کےصدارتی امیدوار عارف علوی نے کہا ہے کہ اگر موقع ملا تو کسی پارٹی یا صوبے کا نہیں ملک کا صدر بن کر کام کروں گا،ممنون حسین اور مجھ میں فرق عوام خود دیکھ لیں گے۔

انہوں نے ناشتے کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری سرور سمیت تمام دوستوں کا شکر گزار ہوں کہ میری انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ صدر بن گیا تو صرف کراچی کیلئے نہیں پورے ملک کیلئے سوچوں گا۔ صوبوں کے درمیان یکجہتی پیدار کرنا صدارتی منصب کا تقاضا ہے۔ عمران خان عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے اور صوبوں میں برابری تب آئے گی جب انسانوں میں برابری ہو گی۔ اچھا دور آرہا ہے کیونکہ معیشت کو سنبھالا ملے گا تو ملک ترقی کرے گا۔

عارف علوی نے کہا کہ کراچی کے حالات میں بہتری لانے کیلئے پیپلز پارٹی کو ساتھ لیکر چلیں گے جبکہ گورنر سندھ کے ساتھ مل کر کراچی کے مسائل حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا عمران خان کی کراچی کے لیے بے چینی سب کے سامنے ہے اور مجھے انہوں نے ہمیسشہ کراچی کے عوام کا مسئلہ حل کرنے کے لیے کہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عامر لیاقت ہوں یا فیاض الحسن چوہان سب کی اپنی شخصیت ہے ان کے حوالے سے جو بھی فیصلہ کرنا ہو گا وہ عمران خان کریں گے۔

اس موقع پر چوہدری سرور نے کہا کہ ہم تمام ارکان کیساتھ رابطے میں ہیں ان شا اللہ 100 فیصد ووٹ حاصل کریں گے ہم اپنے صدارتی امیدوار کیلئے بھرپور مہم چلا رہے ہیں کیونکہ ہمارے ارکان اسمبلی کی خواہش تھی کہ علوی صاحب 3 ستمبر کو تشریف لائیں۔