کراچی ،بحریہ ٹاون سمیت کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیرات پر پابندی عائد

کراچی ،بحریہ ٹاون سمیت کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیرات پر پابندی عائد
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

کراچی : سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن سمیت کراچی میں 6 منزلہ سے زائد عمارتوں کی تعمیرات پرپابندی عائد کر دی ہے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں واٹر کمیشن کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ بحریہ ٹاﺅن میں ابھی تک کیوں تعمیرات ہورہی ہیں؟‘جہاں کرین موجود ہے وہیں روک دیں۔

چیف جسٹس نے کراچی میں غیرقانونی تعمیرات پرنومبرتک رپورٹ طلب کرلی۔درخواست گزار شہاب اوستو کمیشن کے رجسٹرار عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ بہت سارے معاملات مکمل ہورہے ہیں، دسمبر تک اگر چھوڑا گیا تو معاملات خراب ہوجائیں گے۔شہاب اوستو نے عدالت کو بتایا کہ 161واٹر سپلائی اسکیمز مکمل کی جاچکی ہیں۔جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ہم حکومت سندھ کے شکر گزار ہیں جو واٹر کمیشن کے ساتھ تعاون کررہی ہے۔

علاوہ ازیں چیف جسٹس نے میئر کراچی سے نالوں پر تجاوزات کے حوالے سے تفصیلات طلب کیں اور استفسار کیا کہ قبضہ ختم ہوا کہ نہیں ہوا۔جس پر مئیر کراچی وسیم اختر نے بتایا کہ ابھی تک تجاوزات کا خاتمہ نہیں ہوا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اگر تعمیرات غیر قانونی ہیں تو ختم کرائیں اور نومبر میں مزید رپورٹ پیش کی جائے۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے غفلت برتنے پر خبردار کیا کہ اگر خلاف ورزی ہوئی تو اعلی حکام اور چیئر مین بھی ذمہ دار ہوں گے۔