وزیراعظم عمران خان نے فیاض الحسن چوہان کے متنازعہ بیان پر ایکشن لے لیا !

وزیراعظم عمران خان نے فیاض الحسن چوہان کے متنازعہ بیان پر ایکشن لے لیا !

 لاہور :عمران خان ان دنوں وزیراعظم بننے کے بعد لاہور کے پہلے دورے پر موجود ہیں ،جہاں انہوں نے پنجاب کابینہ کے ارکان سے ملاقات کی اور اس موقع پر کہا کہ پنجاب میں بدعنوانی کا خاتمہ سب سے بڑا چیلنج ہے ۔

عمران خان نے کابینہ کے اراکین کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ وزراء کی جانب سے کسی بھی شہری کی تذلیل یا تضحیک برداشت نہیں کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان کی سرزنش کرتے ہوئے انہیں محتاط بیانات دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ وہ میڈیا کے ساتھ اپنا رویہ بہتر کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ ہر طبقے کے لوگ قابل قدر ہیں، وزرا کو عوام کا احترام سیکھنا چاہیے۔

صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے چند روز قبل نجی ٹی وی چینل کے پروگرام کے اختتام پر غیر مہذب الفاظ استعمال کیے تھے اور اس کے اگلے ہی روز اداکارہ نرگس اور میگھا کے بارے میں بھی متنازعہ بیانات دیے تھے۔ ان دونوں واقعات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوام نے غم و غصے کا اظہار کیا تو صوبائی وزیر کو سوشل میڈیا پر آ کر دونوں اداکاراؤں سے معافی مانگنا پڑی تھی ۔