وزیر اعظم نے کشمیر کا سفیر  ہونے کا حق ادا کر دیا, شاہ محمود قریشی

 وزیر اعظم نے کشمیر کا سفیر  ہونے کا حق ادا کر دیا, شاہ محمود قریشی
کیپشن: Image Source: Shah Mehmood Twitter

کراچی: شاہ محمود قریشی نے کہا  ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کا سفیر  ہونے کا حق ادا کر دیا۔  بھارت نے جنگ مسلط کی تو پوری پاکستانی قوم مقابلہ کرے گی۔ کسی بھی ایڈونچر پر مودی کو منہ کی کھانا پڑے گی

 

تفصیلات کے مطابق ، کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی  فاشسٹ سوچ کا حامل ہے، مقبوضہ کشمیر میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے۔

 

وزیر خارجہ نے کہا کہ  کشمیریوں کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے، وادی میں 28 روز سے کاروبار زندگی بند ہے، نہتے نوجوانوں کو اٹھا کر تشدد کانشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا سب کی ذمہ داری ہے، وقت ثابت کرے گا کہ او آئی سی پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم دنیا کو کشمیر کے حالات سے آگاہ کر رہے ہیں، وہ 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے اور کشمیر کا معاملہ دنیا کے سامنے رکھیں گے۔ امریکہ میں ان کی کئی ملاقاتیں شیڈول ہیں جن میں مسئلہ کشمیر پر بھی بات چیت ہو گی۔

 

وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت نے جنگ مسلط کی تو پوری پاکستانی قوم مقابلہ کرے گی۔ کسی بھی ایڈونچر پر مودی کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ کرتارپور راہداری پر 80 فیصد کام ہو چکا، بابا گرونانک کے جنم دن پرسکھوں کو کرتارپور راہداری پرخوش آمدید کہیں گے۔