دریائے سوات میں اونچے درجے کے سیلاب نے تباہی مچادی

دریائے سوات میں اونچے درجے کے سیلاب نے تباہی مچادی
کیپشن: کالاٹ کے مقام پر ایک شخص اور مدین میں 5 سالہ بچی دریا میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئی۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

سوات: دریائے سوات میں اونچے درجے کے سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ 5 سالہ بچی سمیت 2 افراد ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ متعدد مقامات پر رابطہ پل تباہ اور املاک کو نقصان پہنچا ہے۔

دریائے سوات میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث ندی نالے بھی بپھر گئے ہیں۔ دریا کنارے آباد ہو ٹلز خالی کرا لیے گئے ہیں۔

کالاٹ کے مقام پر ایک شخص اور مدین میں 5 سالہ بچی دریا میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئی۔ راحت کوٹ میں ایک شخص دریا میں ڈوب کر لاپتہ ہو گیا جب کہ مدین میں ہی سیلاب میں پھنسے 13 افراد کو بچا لیا گیا۔

بشی گرام پل بہنے کے بعد مدین کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ مدین اور بحرین میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے جس سے علاقے کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

پانی کی تیز موجوں سے جہاں رابطہ پل متاثر ہوئے ہیں وہیں ٹراؤٹ مچھلی کے درجنوں فارمز بھی دریا برد ہو گئے ہیں، ضلعی انتظامیہ نے مقامی لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور سیاحوں کو علاقہ چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔

تیز بارش اور سیلابی پانی سے مختلف علاقوں میں بجلی کا نظام  بھی متاثر ہوا جس کے باعث لوگوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔