گزشتہ ماہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 0.58 فیصد اضافہ  

گزشتہ ماہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 0.58 فیصد اضافہ  
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: ادارہ شماریات کی جانب سے جارہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں گزشتہ ماہ اگست میں 0.58 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، شہری علاقوں میں صارفین کیلئے قیمتوں کے اشاریہ میں 0.48 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 0.72 فیصد کی نمو ہوئی۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کی طرف سے دستیاب اعدادوشمار کے مطابق جولائی کے مقابلہ میں اگست کے مہینہ میں افراط زرمیں 0.58 فیصدکااضافہ ہوا، اگست 2020 کے مقابلہ میں اگست 202 میں سالانہ بنیادوں پرافراط زرکی شرح 8.35 فیصد رہی، جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں افراط زرکی شرح گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 8.38 فیصد رہی۔

جولائی 2021 کے مقابلہ میں اگست 2021 میں صارفین کیلئے قیمتوں کے اشاریہ میں 0.58 فیصد کااضافہ ہوا، شہری علاقوں میں صارفین کیلئے قیمتوں کے اشاریہ میں 0.48 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 0.72 فیصد کی نموہوئی ہے۔شہری علاقوں میں صارفین کیلئے قیمتوں کا اشاریہ 8.32 فیصد کی سطح پرہے جوگزشتہ ماہ 8.67 فیصدتھا، گزشتہ سال اگست میں شہری علاقوں میں صارفین کیلئے قیمتوں کاحساس اشاریہ 7.14 فیصد تھا۔

دیہی علاقوں میں صارفین کیلئے قیمتوں کاحساس اشاریہ اگست میں 8.40 فیصدتھا جو جولائی میں 8.01 فیصد اورگزشتہ سال اگست میں 9.86 فیصدتھا، اسی اعتبارسے گزشتہ سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال میں دیہی علاقوں میں افراط زرکی شرح کم ہوئی ہے۔اعدادوشمارکے مطابق شہری علاقوں میں اشیائے خوراک کی افراط زر گزشتہ ماہ کے 9.40 فیصدکے مقابلہ میں 10.20 فیصد اورگزشتہ سال کی اسی مدت میں 11.31 فیصدتھی۔دیہی علاقوں میں غذائی افراط زراگست میں 9.14 فیصد جبکہ جولائی میں 7.31 فیصد کی سطح پرتھی۔

گزشتہ سال اگست میں دیہی علاقوں میں غذائی افراط زر کی شرح 13.52 فیصد ریکارڈکی گئی تھی۔شہری علاقوں میں غیرغذائی اشیا کے افراط زرمیں جولائی کے مقابلہ میں اگست میں کمی ریکارڈکی گئی ہے،اگست میں غیرغذائی اشیا کے افراط زرکی شرح 7.20 فیصد رہی جوجولائی میں 8.23 فیصد تھی۔

دیہی علاقوں میں غیرغذائی اشیا کے افراط زرکی شرح جولائی کے 8.65 فیصد سے کم ہوکر7.75 فیصد ریکارڈکی گئی ہے۔ شہری علاقوں میں جولائی کے مقابلہ میں اگست کے مہینہ میں ٹماٹرکی قیمت میں 17.84 فیصد، سبزیاں 12.52 فیصد، کیلا 5.09 فیصد، دودھ 1.94 فیصد، آلو1.84 فیصد، بناسپتی گھی 1.75 فیصد، چینی 1.36 فیصد، اورکوکنگ آئل کی قیمت میں 1.11 فیصد کااضافہ ہوا، اس کے برعکس چکن کی قیمت میں 11.98 فیصد، پھل 7,75 فیصد، دال چنا 5.18 فیصد، مصالحہ جات 2.75 فیصد،دال مونگ 2.35 فیصد اورانڈوں کی قیمت میں 1.64 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

دیہی علاقوں میں سبزیوں کی قیمت میں 17.35 فیصد، ٹماٹر7.40 فیصد، پیاز 6.02 فیصد، کوکنگ آئل 4.99 فیصد، بناسپتی گھی 4.94 فیصد، چینی 2.68 فیصد، سرسوں کاتیل 2.63 فیصد، آلو 1.91 فیصد، گوشت 1.57 فیصد اوردودھ کی قیمت میں 1.05 فیصدکااضافہ ہوا،اس کے برعکس جولائی کے مقابلہ میں اگست کے مہینہ میں دیہی علاقوں میں چکن کی قیمت میں 14.90 فیصد، فروٹس 11.14 فیصد، دال مونگ 6.85 فیصد، مصالحہ جات 5.61 فیصد، دال چنا 2.45 فیصد اوردال ماش 1.30 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔