نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے 20 رکنی قومی ون ڈے اسکواڈ کا اعلان،بڑی تبدیلیاں

Pakistan Cricket Team,PCB,babar Azam,Sarfraz,Pak Vs NZ

لاہور:قومی کرکٹ کے سلیکٹرز نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے 20 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، دونوں ممالک کے مابین تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلی جائے گی۔ سیریز میں شامل تینوں میچز آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔ یہ میچز  17، 19 اور 21 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔

 اعلان کردہ 20 رکنی اسکواڈ میں مڈل آرڈر بیٹسمین خوشدل شاہ اور افتخار احمد کی واپسی ہوئی ہے جبکہ نوجوان فاسٹ بالرز شاہنواز دھانی،محمد وسیم جونیئر ، محمد حارث اورزاہد محمود کو پہلی مرتبہ قومی ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شرکت کرنے والے حارث سہیل، سلمان علی آغا، سرفراز احمد اور صہیب مقصود نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں جگہ نہیں بناسکے۔پاکستان ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ میںبابراعظم (کپتان ( ، شاداب خان(نائب کپتان،عبداللہ شفیق،امام الحق ، فخر زمان، فہیم اشرف، خوشدل شاہ،افتخار احمد، حارث رئوف،حسن علی، محمد حارث اور محمدرضوان(وکٹ کیپرز)، محمد حسنین، محمد نواز،محمد وسیم جونیئر ، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی ، شاہنواز دھانی، عثمان قادراور زاہد محمود شامل ہیں۔

چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم محمد وسیم کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل یہ سیریز ہمارے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کوالیفائرز کا بھی حصہ ہے، لہٰذاہم نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو منتخب کرکے ایک متوازی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ بدقسمتی سے شاہنواز دھانی  کو لاجسٹک مسائل کی وجہ سے ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 میں عمدہ کارکردگی کے باوجود انگلینڈ کے لیے اسکواڈ میں جگہ  نہیں مل سکی تھی تاہم انہیں اب نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔