چین تامل علاقوں میں اپنے قدم جمانے کی کوشش کر رہا ہے، بھارتی میڈیا کا الزام

چین تامل علاقوں میں اپنے قدم جمانے کی کوشش کر رہا ہے، بھارتی میڈیا کا الزام
کیپشن: چین تامل علاقوں میں اپنے قدم جمانے کی کوشش کر رہا ہے، بھارتی میڈیا کا الزام
سورس: فائل فوٹو

نئی دہلی: چین نے سری لنکا میں انفرااسٹریکچر کا جال کیا بچھایا مودی سرکار کے گودی میڈیا کے تن من میں آگ لگ گئی اور الزام لگایا کہ چین تامل علاقوں میں اپنے قدم جمانے کی کوشش کر رہا ہے

عالمی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست تامل ناڈو کے کچھ علاقوں میں چین کے سرخ جھنڈے لہرا رہے ہیں۔ یہ جھنڈے چین کی جانب سے سری لنکا میں تامل علاقوں میں ترقیاتی کام کروانے کی خوشی میں لہرائے گئے ہیں۔ بھارتی تامل افراد بھی ایسی ہی ترقی چاہتے ہیں۔

ادھر مودی سرکار کی بُری کارکردگی کے بجائے بھارتی گودی میڈیا نے مودی کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش میں لگا ہوا ہے۔ چین پر سری لنکا کے تامل علاقوں میں بنیادی ڈھانچوں کی تبدیلی اور انفرا اسٹریکچر بہتر بنانے پر تنقید کے تیر برساتے ہوئے الزام عائد کیا کہ چین تامل علاقوں میں اپنے قدم جمانے کی کوشش کر رہا ہے۔

چین نے سری لنکا میں نہ صرف انشورنس پالیسیاں متعارف کرائی ہیں بلکہ مچھیروں کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے بھی کام کیا ہے جس پر بھارت نے الزام عائد کیا ہے کہ چین بھارتی جزیرے پر اپنی موجودگی قائم کرنے کے لیے بھارتی مچھیروں کو بھی راغب کر رہا ہے۔

بھارت نے یہ بھی واویلا کیا کہ سری لنکا کے شمالی صوبے میں اقتصادی سرگرمیوں اور مجوزہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پروجیکٹس کی حفاظت کے نام پر چین اسٹریٹجک وجوہات کی بناء پر اپنا تسلط قائم کرے گا۔

واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں جب بھارت نے چین کے سری لنکا میں ترقیاتی کاموں پر اعتراض اُٹھایا ہے اس سے پہلے بھی بھارت چین کی سری لنکا میں جزیرہ نما جافنا کے تین جزیروں میں 12 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے خلاف احتجاج کر چکا ہے۔