پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زائد المیعاد اسٹنٹس لگائے جانے کا انکشاف، وزیراعلی کا نوٹس

پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زائد المیعاد اسٹنٹس لگائے جانے کا انکشاف، وزیراعلی کا نوٹس
کیپشن: پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زائد المیعاد اسٹنٹس لگائے جانے کا انکشاف، وزیراعلی کا نوٹس
سورس: فائل فوٹو

لاہور: پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں مریضوں کو  زائد المیعاد اسٹنٹ ڈالنے کا انکشاف ہوا ہے جس کا نوٹس وزیراعلی پنجاب نے لے لیا ہے۔ 

اسپتال کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق پی آئی سی میں 70 مریضوں کو زائد المیعاد اسٹنٹ ڈالے گئے اور یہ اسٹنٹ جون 2021 میں دل کے مریضوں کو ڈالے گئے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اسٹنٹ مئی 2021 میں ایکسپائر ہو گئے تھے جبکہ 14 مئی 2021 کو ایکسپائر ہونے والا اسٹنٹ 5 جون کو دل کے مریض سادات نواز، 19 مئی کو ایکسپائر ہونے والا اسٹنٹ 28 مئی کو نعیم شہزاد اور 13 جون کو  زائد المیعاد ہونے والا اسٹنٹ 15 جون کو سید ارشد کو ڈالا گیا۔

ذرائع کے مطابق جون 2021 میں ایکسپائر ہونے والے اسٹنٹ تاحال اسپتال میں موجود ہیں۔ میڈیکل سپرٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر محمد تحسین نے بورڈ آف منیجمنٹ کی ہدایت پر معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کر دی ہے اور پروفیسر ڈاکٹر احمد نعمان کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا ہے۔

سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کا کہنا ہے کہ 3 روز کے اندر انکوائری مکمل کر کے ذمہ داران کو بے نقاب کیا جائے گا اور  اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ 

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔