تھراپی سینٹرکا مالک ظاہر جعفرکیخلاف مقدمے کیلئے عدالت پہنچ گیا

تھراپی سینٹرکا مالک ظاہر جعفرکیخلاف مقدمے کیلئے عدالت پہنچ گیا
کیپشن: تھراپی سینٹرکا مالک ظاہر جعفرکیخلاف مقدمے کیلئے عدالت پہنچ گیا
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: سابق سفارت کارکی بیٹی نور مقدم قتل کیس میں تھراپی سینٹر (بحالی مرکز)کا مالک بھی مرکزی ملزم ظاہرجعفرکے خلاف مقدمہ درج کرانےکی درخواست لےکر عدالت پہنچ گیا۔

اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج عدنان خان نے تھراپی سینٹر کے مالک طاہر ظہور کی جانب سے نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہرجعفرکے خلاف اندراج  مقدمہ کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل شہزاد قریشی نے مؤقف اختیار کیا کہ کوہسار پولیس نے پہلے دن سے ہی ہمارا مؤقف نہیں سنا اور ظاہر جعفر نے چھریاں مار کر تھراپی سینٹرکے ملازم کو زخمی کیا اور پولیس نے میرے مؤکل کو ہی ملزم بنا دیا۔

درخواست گزارکا کہنا ہے کہ ظاہر جعفر کے خلاف تھانے میں درخواست بھی دی لیکن پولیس مقدمہ درج نہیں کر رہی۔ ظاہر جعفر کے والد ذاکر جعفر کے فون پر ہم جعفر ہاؤس گئے تھے۔ عدالت نے درخواست پر پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 ستمبر تک جواب طلب کر لیا۔

خیال رہے کہ تھراپی سینٹر کے مالک طاہر ظہور کا نام بھی نور مقدم قتل کیس میں شامل ہے اور ان پر نور مقدم کے قتل کا واقعہ چُھپانے کا الزام ہے اور اس وقت وہ ضمانت پر رہا ہیں۔