آرمی چیف آج پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے 

آرمی چیف آج پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے 

راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ آج پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف آج ڈیرہ اسماعیل خان اور روجھان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق سیلاب متاثرین کی دادرسی کیلئے پاک فوج کی ہیلپ لائن سروس خدمات میں کوشاں ہے، خیبر پختونخوا کیلئے آرمی فلڈ کنٹرول ہیلپ لائن 1125 اور دیگر علاقوں کیلئے 1135 کام کر رہی ہیں، کوئی بھی شہری آرمی فلڈ کنٹرول ہیلپ لائن سے رابطہ کر سکتا ہے۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آرمی کے ہیلی کاپٹرز نے 157 پروازوں کے دوران 1080 سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جبکہ 72 ٹن امدادی سامان بھی فراہم کیا۔

پاک فوج ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کے دوران متاثرہ علاقوں سے اب تک 50 ہزار سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر چکی ہے جبکہ مختلف میڈیکل کیمپس میں 51 ہزار سے زیادہ مریضوں کا علاج معالجے کے ساتھ 2 سے 3 روز کیلئے مفت ادویات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

مصنف کے بارے میں