رمضان المبارک میں اعتکاف کرنے والوں کے لیے مسجد نبوی کی چھت مخصو ص کی جائے ، گورنرمدینہ کی ہدایت

رمضان المبارک میں اعتکاف کرنے والوں کے لیے مسجد نبوی کی چھت مخصو ص کی جائے ، گورنرمدینہ کی ہدایت
کیپشن: masjid navbi

مدینہ منورہ : گورنرمدینہ منورہ اور حج کمیٹی کے نگران شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے ماہ رمضان المبارک کے دوران اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے لئے مسجد نبوی الشریف کی چھت مخصوص کرنے کی منظوری دے دی ۔

عکاظ اخبار کے مطابق گورنر مدینہ منورہ نے مسجد نبوی الشریف کی زیریں منزل کو ماہ رمضان المبارک میں عام نمازیو ں کے لیے مخصوص کرنے کا حکم دیا ہے ۔ ماہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مملکت ہی نہیں بلکہ دنیا بھر سے زائرین بڑی تعداد میں ارض مقدس آتے اور مسجدنبوی الشریف میں اعتکاف کرتے ہیں ۔ امسال معتکفین کی تعداد 100000 کر دی گئی ہے ۔ گورنر مدینہ منورہ نے ماہ رمضان المبارک کے حوالے سے انتظامی کمیٹی سے رپورٹ لینے کے بعد ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ زائرین مسجد نبوی الشریف کو تمام سہولتیں مہیا کی جائیں تاکہ وہ آرام و اطمینا ن سے اپنا زیادہ سے زیادہ وقت عبادت میں گزار سکیں ۔

گورنر نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ ماہ رمضا ن المبارک کے آخری عشرے میں معتکفین کی سہولت کا بھی خیال رکھا جائے ساتھ ہی اس بات کا بھی اہتمام کیا جائے کہ معتکفین کےلئے مسجد کی چھت مخصوص کی جائے تاکہ وہاں وہ اپنا سامان وغیرہ رکھ سکیں ۔ معتکفین کے ذاتی استعمال کی اشیاءسے مسجد نبوی الشریف میں آنے والے نمازیوںکو بعض اوقات دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اعتکاف میں بیٹھنے والے اس امر کا بھی خیال رکھیں کہ وہ اپنا ذاتی سامان مخصو ص جگہ کے علاوہ کہیں اور نہ رکھیں ۔

کمیٹی کو یہ بھی کہا گیا کہ مسجد نبوی میں آنے والے راہداریوں میں نہ بیٹھیں اس لئے خصوصی انتظام کیا جائے تاکہ گزرنے والوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ گورنر مدینہ منورہ نے معتکفین کے امور کی نگرانی کےلئے خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی بھی ہدایات جاری کی ۔ مذکورہ کمیٹی مسجد نبوی الشریف میں اعتکاف کرنے والوں کی جملہ تفصیلات رکھنے کے علاوہ ان سے مقررہ قواعد پر عمل بھی کروائے گی تاکہ عام نمازیوں کو مسجد نبوی الشریف آنے جانے میں سہولت ہو ۔ گورنر مدینہ منورہ نے مسجد نبوی الشریف کی انتظامیہ کو بھی خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں آنے والے زائرین کا خاص خیال رکھیں اور انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

واضح رہے ماہ رمضا ن المبارک میں دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں فرزندان اسلام مسجد نبوی الشریف میں اعتکاف کرتے ہیں ۔ مدینہ منورہ میں رمضان المبارک کے دوران مملکت کے مختلف شہروں سے بھی مقامی اور مقیم غیر ملکی اعتکاف کرنے جاتے ہیں اس حوالے سے امسال معتکفین کے امور کو منظم انداز میں مکمل کرنے کے لئے ابھی سے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔