آرمی چیف نے 10 دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی

آرمی چیف نے 10 دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی

راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 10 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی۔ تمام دہشت گرد سنگین نوعیت کے حملوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان دہشت گردوں میں محمد اسحاق، محمد عارش، محمد رفیق، حبیب الرحمان، محمد فیاض، اسماعیل شاہ، فضل محمد، حضرت علی، محمد عاصم اور حبیب اللہ بھی شامل ہیں۔ تمام دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔

سزا پانے والوں میں معروف قوال امجد صابری کا قاتل اسحاق بھی شامل ہے۔ آرمی چیف نے 5 دہشتگردوں کی عمر قید کی بھی توثیق کی ہے۔

مزید پڑھیں: احمد مانیکا کو ایم ایم اے کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کی پیشکش
 

اس سے قبل رواں سال 6 فروری کو آرمی چیف نے سات دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کی ۔ سزائے موت کے مجرم دہشتگردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔ 19 جنوری کو بھی قتل اور تعلیمی اداروں پر حملوں میں ملوث دس دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کی تھی۔

یاد رہے کہ ملک میں فوجی عدالتوں کا قیام 21ویں آئینی ترمیم کے تحت کیا گیا اور اب تک کئی مجرموں کو ان کے ذریعے سزائے موت سنائی جا چکی ہے۔

گزشتہ برس 7 فروری کو فوجی عدالتوں کو دیے گئے خصوصی اختیارات ختم ہو گئے تھے جس کے بعد مارچ میں پہلے قومی اسمبلی اور پھر سینیٹ نے فوجی عدالتوں میں 2 سالہ توسیع کے لیے آئینی ترمیم کا بل دو تہائی اکثریت سے منظور کیا تھا۔
 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں