مقبوضہ کشمیر میں 17 کشمیریوں کی شہادت کے بعد وادی میں مکمل ہڑتال

مقبوضہ کشمیر میں 17 کشمیریوں کی شہادت کے بعد وادی میں مکمل ہڑتال

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 17 کشمیریوں کی شہادت کے بعد وادی میں آج بھی مکمل ہڑتال رہی۔

تفصیلات کے مطابق نوجوانوں کی میتیں گھروں میں پہنچنے پر غم و غصے کی لہر دوڑ گئی، جنوبی حصے سے شروع ہونے والا احتجاج کا سلسلہ پوری وادی میں پھیل گیا اور احتجاج میں شریک ہونے کے لیے مسجدوں کے لاؤڈ اسپیکرز سے باقاعدہ اعلانات کیے گئے۔

کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر حریت قیادت نے 2 روزہ ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ کشمیری میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں آج اسکول اور کالج بھی بند ہیں جبکہ امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ اور شوپیاں میں بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرچ آپریشن کی آڑ میں 17 کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔

تاہم بھارتی فوج نے سرچ آپریشن پر ہی اکتفا نہیں کیا بلکہ جنازوں میں شریک نہتے افراد پر اندھا دھند گولیاں اور پیلٹ گن سے فائر کیے گئے، جس کے نتیجے میں 100 سے زائد کشمیری زخمی ہوگئے۔

مقبوضہ کشمیر میں بدترین بھارتی دہشت گردی پر پاکستان کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے۔