باربی کیو، گرلنگ سے بلڈ پریشر میں اضافے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے

باربی کیو، گرلنگ سے بلڈ پریشر میں اضافے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے

نیویارک: باربی کیو، گرلنگ اور گوشت کو آگ پر براہ راست بھوننے سے بلڈ پریشر میں اضافے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق باربی کیو، گرلنگ اور گوشت کو آگ پر براہ راست بھوننے کی وجہ سے لوگوں میں ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔ 53 ہزار 852 افراد کا طویل مدتی مطالعہ کیا جن میں 32 ہزار 925 خواتین پر مشتمل دو گروپ اور 17 ہزار 104 مرد شامل تھے۔ ان میں سے کسی کو بھی بلڈ پریشر، ذیابیطس، امراض قلب اور کینسر کا مرض لاحق نہ تھا۔

اگلے 12 سے 16 سال کے درمیان ان میں سے 37 ہزار 123 افراد کو ہائی بلڈ پریشر کا مرض لاحق ہوگیا۔ ان میں سے جن خواتین و حضرات نے ہفتے میں دو مرتبہ مچھلی، مرغی یا سرخ گوشت کھایا ان میں بلڈ پریشر کا خطرہ 17 فیصد تک نوٹ کیا گیا لیکن یہ مرض ان میں پیدا ہوا جو گوشت کو آگ پر بھون کر یا گرلنگ کے بعد کھاتے رہے۔ جن خواتین و حضرات نے مہینے میں 15 مرتبہ اس طرح گوشت کھایا ان میں بلڈ پریشر بڑھنے کا رجحان سب سے زیادہ تھا۔

ماہرین کا خیال ہے کہ گوشت کو بلند درجہ حرارت پر پکانے سے اس میں بعض مضر صحت کیمیکل پیدا ہونے لگتے ہیں جو کھانے والوں میں اندرونی سوزش، انسولین سے مزاحمت اور ہائی بلڈ پریشر کی وجہ بنتے ہیں۔

اس سے پہلے ماہرین یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ اگر گوشت کو بہت بلند درجہ حرارت پر پکایا جائے تو اس سے سرطان کا خطرہ بھی لاحق ہوسکتا ہے۔