علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 روز کی توسیع

 علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 روز کی توسیع
کیپشن: کیس کو انکوائری سے تحقیقات کے مرحلے میں داخل کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے، نائب تفتیشی افسر۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں نیب کی زیرحراست تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 9 روز کی توسیع کرتے ہوئے 11 اپریل کو کیس کی مکمل رپورٹ طلب کر لی۔

نیب کی جانب سے ملزم علیم خان کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر فاضل جج نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا تحقیقات مکمل ہوئی یا نہیں جس پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ انویسٹی گیشن ہو رہی ہے اور مزید وقت درکار ہے۔

فاضل جج نے کہا ابھی تحقیقات ہو رہی ہے کب ریفرنس دائر کریں گے اور کب چالان آئے گا۔ اب تک تفتیشی رپورٹ کا کیا بنا ہے۔

نائب تفتیشی افسر نے اس موقع پر کہا کہ کیس کو انکوائری سے تحقیقات کے مرحلے میں داخل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ کیس کے مرکزی تفتیشی افسر کراچی گئے ہوئے ہیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ تفتیش مکمل ہوتے ہی ریفرنس فائل کر دیا جائے گا جس پر جج احتساب عدالت نے کہا کہ کسی کو بلاوجہ قید میں نہیں رکھا جانا چاہیئے۔