ملک بھر میں 2 ہزار 249 افراد میں وائرس کی تصدیق

ملک بھر میں 2 ہزار 249 افراد میں وائرس کی تصدیق
کیپشن: سندھ میں کورونا وائرس کی وجہ سے تمام ہلاکتیں کراچی میں ہوئی ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 2249 ہوگئی جبکہ اب تک ہلاکتوں کی تعداد 26 ہوگئی۔سندھ میں 743، پنجاب میں 845، خیبرپختونخوا میں 253، گلگت بلتستان میں 184، بلوچستان میں 164، اسلام آباد میں 54، آزاد کشمیر میں 6 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ ملک بھر میں 82 افراد صحتیاب ہو گئے۔

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں سب سے زیادہ 9 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جب کہ سندھ میں 8، خیبرپختونخوا 6، گلگت بلتستان 2 اور بلوچستان میں ایک شخص جاں بحق ہو چکا ہے۔ پنجاب کے ضلع لاہور میں 4، راولپنڈی 3 جبکہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ سندھ میں تمام ہلاکتیں کراچی میں ہوئی ہیں۔

ادھر وفاقی حکومت نے ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے لاک ڈاؤن 14 اپریل تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم پورے ملک میں گڈز ٹرانسپورٹیشن بحال رہے گی۔ پی آئی اے کا بین الاقوامی فلائٹ آپریشن بحال کیا جائے گا جبکہ اندرونِ ملک پروازیں 11 اپریل تک معطل رہیں گی۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا لاک ڈاؤن فائدہ مند رہا اس لئے وفاق، تمام صوبوں اور گلگت بلتستان کے حکام نے اتفاق کیا ہے کہ ان پابندیوں کو مزید دو ہفتے تک جاری رکھنا چاہئے۔