سعودی فرمانروا کا صدر عارف علوی کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

سعودی فرمانروا کا صدر عارف علوی کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار
کیپشن: سعودی فرمانروا کا صدر عارف علوی کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار
سورس: فوٹو/بشکریہ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی کورونا سے جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو صدر مملکت کے نام اپنے ایک پیغام میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز نے کہا کہ ہمیں آپ کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ ہم آپ کی ہمیشہ اچھی صحت، خوشی اور جلد شفا یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ 

خیال رہے کہ 15  مارچ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ان کی اہلیہ ثمینہ علوی نے اسلام آباد میں کورونا ویکسین لگوائی تھی۔ تاہم 29 مارچ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میرا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور اللہ کورونا کے تمام متاثرین پر رحم فرمائے۔

قبل ازیں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر انہیں بھی اچھی صحت اور جلد شفا یابی کے لئے نیک تمناؤں کا پیغام بھیجا تھا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان اور خاتون اول بشریٰ بی بی کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے خود کو اپنی رہائشگاہ پر قرنطینہ کر لیا تھا۔وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز کورونا کی تیسری لہر کے حوالے سے پیغام میں کہا تھا کہ سال بھر میں احتیاط کی لیکن سینیٹ انتخابات کے دوران احتیاط نہیں کر سکا اور وائرس سے متاثر ہوا۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ وزیراعظم کی طبیعت بہتر اور وہ ہشاش بشاش ہیں اور وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی ہے، ان کی صحت اچھی ہے اور انہيں کورونا کی معمولی نوعیت کی علامات ہیں۔