اپوزیشن اتحاد حکومت کے بجائے آپس میں دست و گریباں ہو چکا ہے، حافظ حسین احمد

اپوزیشن اتحاد حکومت کے بجائے آپس میں دست و گریباں ہو چکا ہے، حافظ حسین احمد
کیپشن: اپوزیشن اتحاد حکومت کے بجائے آپس میں دست و گریباں ہو چکا ہے، حافظ حسین احمد
سورس: فائل فوٹو

لاہور: حافظ حسین احمد نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کی ناکامی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا اپوزیشن اتحاد حکومت کے بجائے آپس میں دست و گریباں ہو چکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں حافظ حسین احمد نے کہا کہ  دو اپوزیشن جماعتوں کے مقدمات اور مفادات کی وجہ سے موثر تحریک ناکام ہو گئی۔ ڈھائی سال میں اپوزیشن نہ استعفیٰ دے سکی اور نہ حکمرانوں سے لے سکی، ’لانگ مارچ‘ کرنے والوں نے شارٹ مارچ تک نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ مفاداتی اتحاد میں نہ باہمی اعتماد کا خیال رکھا گیا نہ احترام کو اہمیت دی گئی۔

اس سے قبل اپوزیشن اتحاد کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کہ دعا ہے کہ مریم اور مولانا فضل الرحمان جلد صحتیاب ہوں اور ہم مل کر حکومت کا مقابلہ کریں، ن لیگ اور جے یوآئی کو تجویز دوں گا کہ سوچ سمجھ کر فیصلے کریں، ہمارے مخالفین کی حکمت عملی ہے کہ ہمیں تقسیم کر کے ہمیں ناکام بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نوازسے اچھے تعلقات ہیں، نہیں چاہتا کسی سوال کے جواب پر بات خراب ہو اور میں نہیں سمجھتا کہ مولانا فضل الرحمان پیپلز پارٹی سے ناراض نہیں ہوسکتے ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمان کسی ایک کی حمایت نہیں کریں گے لیکن کٹھ پتلی حکومت کے خلاف مل کر لڑنا ہو گا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کیخلاف نیب اور دیگر اداروں کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ پیپلز پارٹی کا نیب پر ایک ہی موقف رہا ہے لیکن دیگر پارٹیاں حالات دیکھ کر نیب پر پالیسی تبدیل کر لیتی ہیں۔ نیب اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔

ملک کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی محاذ آرائی سے حکومت کو فائدہ نہیں پہنچانا چاہتے۔ اپوزیشن نے مل کر حکومت کو شکست دی۔ حکومت کو ان کے اپنے حلقے میں شکست ہوئی۔