خیبرپختونخواہ حکومت کا ہفتے میں 2 دن پبلک ٹرانسپورٹ بند رکھنے کا اعلان 

خیبرپختونخواہ حکومت کا ہفتے میں 2 دن پبلک ٹرانسپورٹ بند رکھنے کا اعلان 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس میں اضافے کے پیش نظر ہفتے میں دو روز عوامی ٹرانسپورٹ بند رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کی تیسری لہر تیزی سے پھیلنے کے بعد عوام کی حفاظت کیلئے مختلف اقدامات کئے جن کو مزید سخت کرتے ہوئے اب ہفتے اور اتوار کو پبلک ٹرانسپورٹ کو مکمل بند رکھنے کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے اور نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا ہے تاہم اس پابندی کا اطلاق پرائیویٹ گاڑیوں اور مال بردارٹرانسپورٹ پر نہیں ہوگا۔
قبل ازیں خیبرپختونخواہ کے محکمہ داخلہ نے 30 مارچ کو گھر میں اور باہر (ان ڈور، آﺅٹ ڈور) شادی سمیت دیگر تقریبات پر پابندی عائد کی تھی اورمحکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا تھا کہ پشاور، چار سدہ، صوابی، لوئر دیر، کوہاٹ اور نوشہرہ میں کسی بھی قسم کی تقریب پر پابندی ہو گی۔ 
اس کے علاوہ مردان، سوات، مالا کنڈ، اپر دیر، شانگلہ، ایبٹ آباد، باجوڑ اور ضلع خیبر میں بھی تقریبات پر پابندی عائد کی گئی تھی جبکہ اعلامیہ میں مزید کہا گیا تھا کہ جس علاقے میں کورونا کیسز میں شرح 8 فیصد سے زیادہ ہوگی وہاں بھی تقریبات کی اجازت نہیں ہوگی۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے بعد خیبرپختونخواہ میں بھی مثبت کیسز تیزی سے رپورٹ ہورہے ہیں جن کی روک تھام کیلئے صوبائی حکومت نے عوام پر مختلف پابندیاں عائد کیں اور ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے جبکہ اس حوالے سے مزید اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔