نجی ہسپتال سے ایک ہی روز آنکھوں کا آپریشن کروانے والے 17 افراد کی بینائی متاثر ہوگئی

نجی ہسپتال سے ایک ہی روز آنکھوں کا آپریشن کروانے والے 17 افراد کی بینائی متاثر ہوگئی
سورس: file photo

ملتان ، نجی ہسپتال میں ایک ہی روز آنکھوں کا آپریشن کروانے والے 16 افراد کی بینائی متاثر ہوگئی ۔ 

تفصیلا ت کے مطابق نواحی علاقے لاڑ میں ایک نجی ٹرسٹ اسپتال میں 20 مارچ کو 16افراد کا آنکھوں کی موتیا کا آپریشن کیا گیا تھا۔

بینائی سے محروم ہونے والے شخص رانا عبدالمالک نے بتایاکہ 20 مارچ کو اس سمیت 16 افراد نے انصاف صحت کارڈ کے توسط سے نجی اسپتال میں آئی سرجن ڈاکٹر حسنین مشتاق سے آپریشن کروایا۔

ان کا کہنا ہے کہ 16 افراد میں 7 خواتین بھی شامل تھیں، آپریشن کے چند گھنٹوں بعد ہی تمام مریضوں کی آنکھوں میں درد شروع ہو گیا جس پر انتظامیہ نے ایک رات اسپتال میں رکھ کر صبح تمام مریضوں کو فارغ کردیا۔

تمام مریضوں کی آنکھوں کی بینائی مکمل طور پر ختم ہو چکی تھی جبکہ تمام مریض اِس وقت ملتان اور لاہور کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

آپریشن کرنے والے آئی سرجن ڈاکٹر حسنین مشتاق کا کہنا ہے کہ آپریشن کرنے میں کوتاہی نہیں ہوئی بلکہ انفیکشن سے تمام افراد کی بینائی متاثر ہوئی ہے۔

 ٹرسٹ اسپتال کے منیجر آپریشن محمد ممتاز کا کہنا تھا  کہ متاثرہ افراد کےآپریشن کیلئے آنکھوں کے لینزسمیت تمام اخراجات ٹرسٹ نے خود ادا کئے۔

تاہم ذرائع کےمطابق اسپتال انتظامیہ نے انصاف کارڈ کے ذریعےہی 16غریب افراد کی آنکھوں کے آپریشن کیے لیکن آپریشن خراب ہونے کا علم ہونے پر انصاف کارڈ سے رقم کلیم نہیں کی۔

دوسری جانب ایک متاثرہ مریض کے بھائی محمد مصطفیٰ نے پولیس کارروائی کیلئے تھانہ بستی ملوک میں درخواست دی لیکن پولیس نے یہ کہہ کر درخواست واپس کردی کہ وہ کارروائی نہیں کرسکتے لہٰذا ہیلتھ کیئر کمیشن سے رابطہ کریں۔