ہم شمالی کوریا کے دشمن نہیں ہیں،امریکا کا وضاحتی بیان

ہم شمالی کوریا کے دشمن نہیں ہیں،امریکا کا وضاحتی بیان

واشنگٹن :امریکا اور شمالی کو ریا کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے دوران امریکا نے وضاحتی بیان جاری کیا ہے کہ امریکا شمالی کوریا کی قیادت کو تبدیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔امریکی وزیر خارجہ ریس ٹیلرسن نے کہا ہے کہ ہم شمالی کوریا کے دشمن نہیں ہیں' اور اسی کے ساتھ یہ بھی کہا کہ امریکہ کسی موقعے پر شمالی کوریا سے بات چیت کا خواہاں ہے۔

پیونگ یانگ نے دعوی کیا تھا کہ ان کے میزائل کا حالیہ تجربہ بتاتا ہے کہ وہ امریکہ کے مغربی ساحل اور اس کے پرے بھی ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحت رکھتے ہیں۔ٹیلرسن نے کہا: 'ہم اقتدار میں تبدیلی نہیں چاہتے، ہم نہیں چاہتے کہ وہاں موجودہ حکومت ختم ہو جائے، ہم جزیرہ نما کو تیزی کے ساتھ پھر سے ایک نہیں بنانا چاہتے، ہم 38 متوازی کے مزید شمال اپنی فوج بھیجنے کا کوئی بہانہ بھی تلاش کرنا نہیں چاہتے۔

امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا: 'ہم آپ کے دشمن نہیں ہیں، ہم آپ کے لیے خطرہ نہیں ہیں، لیکن آپ ناقابل قبول طور پر ہمارے لیے خطرہ نظر آ رہے ہیں اور ہمیں اس کا جواب دینا ہوگا۔میزائل کے تجربوں پر اقوام متحدہ کی پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا مسلسل میزائل کا تجربہ رہا ہے۔

شمالی کوریا نے گذشتہ ہفتے جمعہ کو بین براعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا اور کم جونگ ان نے اس کا جشن منایا تھا۔ اس میزائل سمیت شمالی کوریا رواں سال اب تک 14 میزائل ٹیسٹ کر چکا ہے۔