شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنس کا معاملہ، جسٹس اعجاز الاحسن نگران جج مقرر

شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنس کا معاملہ، جسٹس اعجاز الاحسن نگران جج مقرر

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں جسٹس اعجاز الااحسن کو نگراں جج تعینات کر دیا ہے۔ جسٹس اعجاز الااحسن پاناما فیصلے پر عملدرآمد کے لیے نگراں جج کے فرائض سرانجام دیں گے وہ شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف نیب میں دائر ریفرنسز میں پیش رفت کو مانیٹر کریں گے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کے فیصلے میں نیب کو حکم دیا گیا تھا کہ 6 ہفتوں کے اندر جے آئی ٹی کی طرف سے اکٹھے کئے گئے شواہد، ایف آئی اے اور نیب کے پاس پہلے سے موجود مواد کی روشنی میں ریفرنس تیار کرے اور راولپنڈی اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کرے .

فیصلے میں چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست کی گئی تھی سپریم کورٹ کے ایک جج کو نیب اور احتساب عدالت کی کارروائی کی مانیٹرنگ اور نگرانی کے لئے نامزد کریں۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا تھا جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نامزد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ روز وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں