واشنگٹن : امریکی فضائیہ جلد ہی دو بوئنگ 747 خریدنے والی ہے۔ یہ دونوں طیارے روس کی ایک فضائی کمپنی کے لیے تیار کیے گئے تھے جو دیوالیہ ہو چکی ہے۔ ان طیاروں کو صدارتی ایئر فورس وَن طیاروں میں تبدیل کیا جائے گا۔
فرانسیسی میڈیا کے مطابق طیاروں کی فروخت کا یہ معاہدہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دسمبر 2016 میں دیے گئے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ صدر کے لیے مخصوص "ایئر فورس وَن" جہازوں کو نئے جہازوں سے تبدیل کرنے کی لاگت کوئی بڑا بوجھ نہیں ہوگی۔
معاہدے کے قریبی ذرائع نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ بوئنگ کمپنی "747- 8" ماڈل کے دو طیارے امریکی فضائیہ کو فروخت کرے گی۔روسی فضائی کمپنی ٹرانس ایرو نے 2013 کے آغاز میں یہ دونوں طیارے طلب کیے تھے۔ تاہم کمپنی 2015 میں دیوالیہ ہو گئی۔
امکان ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں بوئنگ کمپنی اور امریکی فضائیہ کے درمیان مذکورہ طیاروں کی فروخت کے معاہدے کا اعلان کر دیا جائے گا۔واضح رہے کہ دونوں بوئنگ 747-8 طیاروں کو امریکی صدارتی طیاروں میں تبدیل کرنے کی لاگت 3.2 ارب ڈالر کے قریب ہو گی تاہم منصوبے پر عمل درامد میں تاخیر کی صورت میں لاگت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں