گلیکسی ایس 9 کی کم فروخت کے باعث سام سنگ کے منافع میں خاطر خواہ کمی

گلیکسی ایس 9 کی کم فروخت کے باعث سام سنگ کے منافع میں خاطر خواہ کمی
کیپشن: فوٹو: فائل

سیﺅل: سام سنگ نے سال 2018 کی دوسری سہ کے مالیاتی اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔ کورین کمپنی سام سنگ کی فروخت اس عرصے میں 58.48 ٹریلین وون یا 52.2 ارب ڈالر رہی۔ پچھلی چار سہ ماہی کے دوران یہ کم ترین فروخت ہے۔

سام سنگ کا کہنا ہے کہ سمارٹ فونز اور ڈسپلے پینل کی کم فروخت کے باعث آمدن میں کمی ہوئی۔ دوسری طرف سام سنگ کی میموری چپ کی مارکیٹ بددستور بہتر رہی۔گلیکسی سمارٹ فونز فروخت کرنے والے آئی ٹی اینڈ موبائل کمیونی کیشن ڈویڑن کی فروخت پچھلے سال کے مقابلے میں 20 فیصد کم ہو کر 30 ٹریلین وون سے 24 ٹریلین وون ہو گئی ہے۔فروخت میں کمی کی بڑی وجہ مارکیٹ میں سخت مقابلہ اور لو اینڈ موبائل ماڈلز متعارف نہ کرانا ہے۔

دوسری سہ ماہی کے بعد سام سنگ گلیکسی نوٹ 9 کی آمد سے سمارٹ فونز اور ٹیبلٹ بڑھے گی، جس کی وجہ سے سام سنگ کو اگلی سہ ماہی میں اچھے منافع کی توقع ہے۔سام سنگ کے سیمی کنڈکٹر بزنس ڈویڑن نے اس سہ ماہی میں کمپنی کو کافی منافع کما کر دیا ہے۔ یہ ڈویڑن NAND اور DRAM میموری چپ تیار کرتا ہے۔ اس ڈویڑن کی فروخت مجموعی فروخت کا 37 فیصد جبکہ منافع سہ ماہی کے مجموعی منافع کا 80 فیصد رہا ہے۔ لچکدار او ایل ای ڈی پینل کی طلب میں اضافے کے باعث سام سنگ کو کافی منافع کی توقع ہے۔