حاصل بزنجو کے ریمارکس بے بنیاد ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

حاصل بزنجو کے ریمارکس بے بنیاد ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
کیپشن: معمولی سیاسی فائدے کے لیے جمہوری عمل کو بدنام کرنے کا رجحان جمہوریت کی خدمت نہیں، ترجمان پاک فوج۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے سینیٹر حاصل بزنجو کے ریمارکس کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے سوشل میڈیا ٹوئٹر پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ قومی ادارے کے سربراہ سے متعلق سینیٹر حاصل بزنجو کے ریمارکس بے بنیاد ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا حاصل بزنجو کے ریمارکس پر مزید کہنا تھا کہ معمولی سیاسی فائدے کے لیے جمہوری عمل کو بدنام کرنے کا رجحان جمہوریت کی خدمت نہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو تبدیل کرنے کی اپوزیشن اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی تبدیلی کی حکومتی کوششیں ناکام ہو گئیں۔

اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی اور اپوزیشن نے حاصل بزنجو کو متفقہ امیدوار نامزد کیا تھا۔

حکومت نے جواب میں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی۔