ٹرمپ کا چین کی مزید 3 کھرب ڈالر کی اشیاء پر ٹیکس لگانے کا اعلان

ٹرمپ کا چین کی مزید 3 کھرب ڈالر کی اشیاء پر ٹیکس لگانے کا اعلان
چینی اپنی مصنوعات امریکا میں فروخت کر کے فائدہ اٹھاتے ہیں، ٹرمپ۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ امریکی میڈیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کی مزید 3 کھرب ڈالر مالیت کی مصنوعات پر 10 فیصد ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔ ایک بیان میں کہا کہ چینی اپنی کرنسی کی قدر میں کمی کرتے ہیں اور زیادہ منافع کما کر رقم لے جاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چینی اپنی مصنوعات امریکا میں فروخت کر کے فائدہ اٹھاتے ہیں۔


اس سے پہلے صدر ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ بیجنگ کسی منصفانہ معاہدے پر آمادہ نہیں ہونا چاہتا۔ میری ٹیم چین سے مذاکرات کر رہی ہے لیکن وہ ہمیشہ اپنے فوائد حاصل کرنے کے لیے آخر میں ڈیل کو تبدیل کر دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا چین کی طرف سے ایسے کوئی اقدامات دکھائی نہیں دے رہے جس سے معلوم ہو سکے کہ وہ امریکی زرعی مصنوعات خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 27 برس کے دوران چین کا رویہ انتہائی خراب رہا ہے۔ اس بات کا امکان تھا کہ چین ہماری زرعی مصنوعات خریدے گا تاہم اس کا کوئی اشارہ تاحال نہیں ملا۔

گزشتہ ایک برس سے امریکا اور چین تجارتی جنگ میں پھنسے ہوئے ہیں جس کے آغاز کی وجہ امریکی صدر کی طرف سے چینی اشیاء کے خلاف اضافی ٹیکسوں کا نفاذ بنا۔