شہباز شریف کا ضمیر فروشی کرنیوالے ارکان کے خلاف کارروائی کا اعلان

شہباز شریف کا ضمیر فروشی کرنیوالے ارکان کے خلاف کارروائی کا اعلان
کیپشن: پارٹی لائن سے انحراف کرنے والے سینیٹرز پر سخت مؤقف اپنانے کا فیصلہ کیا ہے، شہباز شریف۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ن لیگ فیس بُک پیج

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر ضمیر فروشی کرنے والے ارکان کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا ہے۔

شہبازشریف کی زیرصدارت پارٹی سینیٹرز کا اہم اجلاس ہوا جس میں (ن) لیگ کے ارکان سینیٹ نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کی وجوہات پر غور کیا گیا جب کہ شہباز شریف نے تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر ارکان سے تشویش کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے پارٹی لائن سے انحراف کرنے والے سینیٹرز پر سخت مؤقف اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 14 سینیٹرز نے ضمیر فروشی کی اور تحریک کو ناکام بنایا جبکہ تمام اپوزیشن مل کر اس معاملے پر لائحہ عمل تیار کرے گی۔ اپوزیشن کے کچھ سینیٹرز نے حکومت کے ساتھ مل کر سینیٹ اور اپنا وقار تباہ کیا ہے۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ضمیر فروشی کرنے والے ارکان کو تلاش کریں گے اور کارروائی ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو تبدیل کرنے کی اپوزیشن اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی تبدیلی کی حکومتی کوششیں ناکام ہوگئیں۔