واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر میں ثالثی کی پیش کش کرتے ہوئے کہاعمران خان اور نریندر مودی شاندار انسان ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن میں رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کر دی۔
انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر کے حل کا انحصار نریندر مودی پر ہے، میری عمران خان سے ایک اچھی ملاقات ہوئی ہے، عمران خان اور نریندر مودی دونوں شاندار شخصیات ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ خان اور مودی دونوں مسئلہ کشمیر حل کر سکتے ہیں، کشمیر طویل عرصے سے جاری رہنے والا مسئلہ ہے، دونوں ممالک کے وزراء اعظم اس پر بات چیت کریں ۔اگر انہیں میری ضرورت ہوئی تو میں ضرور مدد کروں گا۔
یادرہے کہ وزیراعظم عمران خان کے امریکا دورے کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ بھارتی پردھان منتری نے مسئلہ کشمیر میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے کہا تھا۔