نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو مہم پر ڈیوٹی کیلئے جانے والا پولیس کانسٹیبل شہید

نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو مہم پر ڈیوٹی کیلئے جانے والا پولیس کانسٹیبل شہید
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ڈی آئی خان: ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے اٹل شریف کے قریب مسلح افرادکی فائرنگ سے پولیو مہم پر ڈیوٹی دینے کی غرض سے جانے والا پولیس کا ہیڈ کانسٹیبل دلاور خان شہید ہو گیا۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ہیڈ کانسٹیبل دلاور خان پولیو مہم پر ڈیوٹی دینے کیلئے جا رہا تھا کہ راستے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کیلئے اٹل شریف اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے 50 اضلاع میں آ ج سے پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے 18 اضلاع میں 30 جولائی سے پولیو مہم جاری ہے جس دوران گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ 
نیشنل کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ کے مطابق پولیو مہم میں ایک لاکھ 79 ہزار پولیو ورکرز حصہ لے رہے ہیں، ہر مہم میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانا لازمی ہیں۔ ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ والدین فرنٹ لائن ورکرز کو خوش آمدید کہیں اور 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں کیونکہ پولیو ویکسین ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال اسلام آباد میں اب تک پولیو کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے، والدین معلومات کیلئے ٹول فری صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کریں جبکہ معلومات کیلئے واٹس ایپ ہیلپ لائن 0346-7776546 پر پیغام بھیج سکتے ہیں۔