کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والی فضائی کمپنیوں اور مسافروں کو جرمانے ہوں گے، سعودی عرب

کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والی فضائی کمپنیوں اور مسافروں کو جرمانے ہوں گے، سعودی عرب
سورس: file photo

ریاض: سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی فضائی کمپنیوں اور مسافروں پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے فائزر، میڈورنا، ایسٹرا زینیکا اور جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسین لگوانے والے سیاحوں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم اس حوالے سے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانی عائد کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

 سعودی پبلک پراسیکیوشن آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کوویڈ 19 سفری پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والی ایئر لائنز اور فضائی مسافروں کو 5 لاکھ ریال تک جرمانہ کیا جائے گا۔

سعودی پبلک پراسیکیوشن آفس نے خبردار کیا ہے کہ اسی طرح کے جرمانے آپریٹرز یا ذرائع آمدورفت کے مالکان پر بھی لاگو ہوں گے۔ اسی طرح ایسے ممالک کا دورہ کرنے والے مسافروں پر 3 سال کی سفری پابندی عائد کی جائے گی جنھوں نے کورونا ریڈ لسٹ میں شامل ممالک کا دورہ کیا ہو۔

سعودی عرب نے انڈونیشیا میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز اور ہلاکتوں کے پیش نظر اسے ریڈ لسٹ میں شامل کرلیا ہے اور ایشیائی ممالک میں رہنے والے اپنے شہریوں کو کورونا سے متاثرہ علاقوں میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے جب کہ بغیر پیشگی اجازت متحدہ عرب امارات، ایتھوپیا اور ویت نام سفر کرنے پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔

واضح رہے کہ کورونا کی نئی بھارتی قسم (ڈیلٹا وائرس) زیادہ متعدی ہے اور تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے باعث وہ ممالک جو ایس او پیز میں نرمی کرنے ہی والے تھے اب لاک ڈاؤن میں توسیع کر رہے ہیں۔