ثابت ہو گیا سب سے بڑے چور عمران خان اور پی ٹی آئی چور پارٹی ہے: شاہد خاقان عباسی

ثابت ہو گیا سب سے بڑے چور عمران خان اور پی ٹی آئی چور پارٹی ہے: شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے فیصلے سے ثابت ہوا کہ سب سے بڑے چور عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چور پارٹی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے 150 کروڑ روپے غیر قانونی طور پر حاصل کئے جبکہ انہیں فنڈنگ کرنے والوں میں بھارتی اور اسرائیلی شہری بھی شامل ہیں۔اس کے علاوہ امریکہ سے جو فنڈنگ آئی اس کی بڑی لمبی تفصیل ہے، قانون ایک بھی غیر ملکی کمپنی یا شہری سے رقم لینے کی اجازت نہیں دیتا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ فلاح و بہبود کی رقم تھی تو 55 کروڑ روپے سیاسی جماعت کے اکاؤنٹ میں کیسے آیا؟ 5 سال یہ جھوٹا بیان حلفی جمع کراتے رہے۔ بات صرف قانون کی نہیں بلکہ لیڈر شپ اور اخلاقیات کی بھی ہے، بیرونی شخصیات اور کمپنیوں سے فنڈنگ لے کر یہاں سیاست کی گئی، فیصلے کے بعد قانون اپنا راستہ لے گا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان کا صرف ایک سچ بتا دیں جو انہوں نے کبھی بولا ہو، 2014ءکے بعد کیا ہوا، وہ بھی ریکارڈ کا حصہ ہے، ایک دن سب سامنے آ جائے گا، پی ٹی آئی کے ملازمین کے نام اکاؤنٹس تھے اور ان میں بھی پیسے آئے، الیکشن کمیشن نے واضح رپورٹ دیدی ہے اور اب حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈز لئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے فنڈ ضبط کرنے کیلئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔

مصنف کے بارے میں