قوم کو غلامی سے نجات کا بھاشن دینے والا خود بیرونی طاقتوں کا غلام ثابت ہوا: مریم نواز

قوم کو غلامی سے نجات کا بھاشن دینے والا خود بیرونی طاقتوں کا غلام ثابت ہوا: مریم نواز

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ قوم کو غلامی سے نجات کا بھاشن دینے والا خود بیرونی طاقتوں کا غلام ثابت ہوا۔ اسے پاکستان کی ترقی روکنے اور سی پیک کے خاتمے کیلئے لانچ کیا گیا تھا۔ 

تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’فتنہ خان پاکستان کا پہلا اور واحد سیاستدان ہے جو ایک ہی فیصلے میں ناقابل تردید ثبوتوں کے ساتھ بیک وقت جھوٹا، کرپٹ، منی لانڈرر اور بیرونی قوتوں کے ایماءپر کام کرنے والا ثابت ہوا ہے۔ اس کا اپنا ہی بنایا ہوا جھوٹا ایمانداری اور حب الوطنی کا بت آج اوندھے منہ گر گیا۔ بیشک اللہ حق ہے!‘ 

ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا ’قوم کو غلامی سے نجات کا بھاشن دینے والا خود بیرونی طاقتوں کا غلام ثابت ہوا۔ ان سے پیسہ لیتا رہا اور اس پیسے کو ملک میںفتنہ فساد اور بربادی کیلئے رچ کرتا رہا۔ اس فارن ایجنٹ کو پاکستان کی ترقی کو روکنے، سی پیک کے خاتمے کیلئے لانچ کیا گیا تھا۔ سر شرم سے جھک گیا۔‘ 

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈز لئے ہیں ۔ یہ فیصلہ آج 8 سال بعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سنایا۔

چیف الیکشن کمشنر نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ یہ متفقہ فیصلہ ہے اور ثابت ہوا ہے کہ پی ٹی آئی نے 34 انفرادی، 351 کاروباری اداروں بشمول کمپنیوں سے فنڈز لئے۔ 

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے امریکی کاروباری شخصیت سے بھی فنڈز لئے جبکہ پی ٹی آئی نے 8 اکاؤنٹس کو تسلیم کیا اور 16 بینک اکاؤنٹس چھپائے جبکہ 13 نامعلوم اکاؤنٹس بھی سامنے آئے۔ 

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اکاؤنٹ چھپانا آئین کی خلاف ورزی ہے، پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے فارم ون جمع کرایا جو غلط تھا، پارٹی اکاؤنٹس کے حوالے سے دیا گیا بیان حلفی جھوٹا ہے۔ 

مصنف کے بارے میں