مختلف ٹریفک حادثات میں 2طلباء سمیت6 افراد جاں بحق، 21 زخمی

مختلف ٹریفک حادثات میں 2طلباء سمیت6 افراد جاں بحق، 21 زخمی

ایبٹ آباد/گوجرانوالہ/ لاہور/ وھاڑی : تین ٹریفک حادثات کے نتیجے میں2طلباء سمیت6 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہو گئے۔ ایبٹ آباد میں تیز رفتار ٹرک کھائی میں جا گرا جس کے باعث چار افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔ ڈی ایس پی ایبٹ آباد کے مطابق ایبٹ آباد سے شیروان جانے والے ٹرک کو پنڈکرگو خان کے قریب حادثہ پیش آ گیا۔ حادثہ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ادھر نواحی گائوں نوشہرہ ورکاں سے مسافر ویگن گوجرانوالہ کی طرف آ رہی تھی ۔ تتلے عالی کے قریب مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی جس سے مسافر ویگن الٹ گئی اور مکمل طور پر تباہ ہو گئی ۔

مسافر ویگن میں سوار 2 طالبعلم موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ10 افراد زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو ریسکیو 1122 نے مسافر ویگن سے باہر نکالا اور طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کیا۔ لاہور میں پنجاب یونیورسٹی نیوکیمپس پل کے قریب ٹرالر نہر میں جا گرا۔ حادثہ کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جبکہ وھاڑی میں ملتان روڈ پر اڈا چکڑالہ کے قریب آئل ٹینکر اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

مصنف کے بارے میں