عراق کی انتھراکس لیڈی کو 15 سال قید کی سزا

عراق کی انتھراکس لیڈی کو 15 سال قید کی سزا

بغداد: عراق کی ایک عدالت نے سابق حکمراں بعث پارٹی کی قومی قیادت کی رکن اور ماہر حیاتیات ہدیٰ عماش کو ملک میں ان کی عدم موجودگی میں سرکاری خزانے میں خرد برد کرنے کے الزام میں قصور وار قرار دے کر پندرہ سال قید کی سزا سنائی ہے۔

استغاثہ کے مطابق ہدیٰ عماش نے سابق دور حکومت میں نائب وزیر تعلیم کی حیثیت سے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا تھا اور وزارت کی پانچ گاڑیاں کسی اجازت کے بغیر حاصل کر لی تھیں۔ 63 سالہ ہدیٰ عراقی بعث پارٹی کے ایک سابق سینیر عہدے دار صالح مہدی عماش کی بیٹی ہیں۔ان کے والد 1963میں عراق کے وزیر دفاع ،1968 میں نائب وزیراعظم اور 1977 میں عراق کے سفیر رہے تھے۔

یہ خیال کیا جاتا ہے کہ انھیں سابق صدر صدام حسین کے ذاتی حکم پر 1981 میں موت کی نیند سلا دیا گیا تھا۔ ہدیٰ عماش انتھراکس لیڈی کے نام سے بھی جانی جاتی ہیں اور انھیں یہ خطاب ان کی علم حیاتیات میں مہارت کی بنا پر دیا گیا تھا۔ انہوں نے جامعہ عراق سے حیاتیات میں ڈگری حاصل کی تھی،مائیکروبیالوجی میں ماسٹر کیا تھا اور پھر امریکن یونیورسٹی میسوری سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی تھی۔

مصنف کے بارے میں