عمران فاروق قتل کیس: کاشف، محمد انور اور افتخار حسین کے وارنٹ گرفتاری جاری

عمران فاروق قتل کیس: کاشف، محمد انور اور افتخار حسین کے وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد :  ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور  انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمران فاروق قتل کیس کے مزید 3 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت کی اور ان کی استدعا پر مزید تین ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

ایف آئی اے نے جن 3 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری کی استدعا کی، ان میں کاشف خان کامران، محمد انور اور افتخار حسین شامل ہیں۔

عدالت میں پیش کیے جانے والے ایف آئی اے کے چالان کے مطابق کاشف خان کامران براہ راست عمران فاروق کے قتل میں ملوث ہے۔ ایف آئی اے کے پروسیکیوٹر وسیم رانجھا کی استدعا پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے، انھوں نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ عمران فاروق قتل کے حوالے سے 6 ستمبر 2010 کو درج کی جانے والی ایف آئی آر میں مذکورہ ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا اور ان کی گرفتاری کیلئے ورانٹ جاری کیے جائیں۔

یاد رہے کہ مقدمے کے تین ملزمان معظم علی، خالد شمیم اور محسن علی سید گرفتار اور اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قید ہیں۔ کیس کی آئندہ سماعت 8 دسمبر کو ہوگی۔واضح رہے کہ  حکومت پاکستان نے ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کے خلاف پانچ سال قبل لندن میں قتل ہونے والے پارٹی کے سینئر رہنما عمران فاروق کے قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔