عمران نے نواز شریف کی مدد کی، اقتدار ملا تو 90 دن میں کرپشن ختم کردیں گے: خورشید شاہ

عمران نے نواز شریف کی مدد کی، اقتدار ملا تو 90 دن میں کرپشن ختم کردیں گے: خورشید شاہ

لاہور: قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ قطری شہزادے کا خط آنے پر اخلاقی فیصلہ آ چکا ہے اور اب دیکھنا یہ ہے کہ قوم پاناما کے معاملے پر کیا فیصلہ دیتی ہے۔

لاہور میں پی پی رہنماوں کے ساتھ  پریس کانفرنس کرتے خورشید شاہ نے کہا کہ بھٹو کے زمانے میں پاکستان پوری اسلامی دنیا کی قیادت کرتا تھا۔ افسوس آج پاکستان کا وزیراعظم ایک شہزادے کے خط کا محتاج ہے اور وزیراعظم کو خود کو بچانے کیلئے قطری شہزادے کے خط کی ضرورت پڑی۔ ان کا کہنا تھا کہ قطری شہزادے کے خط کے بعد دادا جان کی دیگ بھی آ سکتی ہے جس میں سونا تھا ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں  نے کہا کہ پیپلز پارٹی کیلئے معیار اور ہیں اور دوسروں کیلئے کچھ اور، پانامہ کیس سپریم کورٹ میں ہے، نہیں کہہ سکتا کہ وزیراعظم بچ پائیں گے یا نہیں۔

اپوزیشن لیڈرنے کہا کہ ہم نے ہمیشہ پارلیمنٹ کی سیاست کی اور پارلیمنٹ سے رجوع کیا لیکن عمران خان کی سیاسی غلطیوں سےنواز شریف کو بڑی مدد ملی۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آئے تو 90 روزمیں کرپشن ختم کر دیں گے۔ ہم حکومت میں ہوتے اوریہ حالات ہوتے تو عوام کےسامنےخود کو پیش کردیتے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ مال روڈ پر ن لیگ کے ایم پی اے اور عمران خان کے رشتہ دار کا لٹ جانا گوڈ گورننس کی 'بہترین مثال' ہے۔