جاپانی واگیو بیف سے تیارکردہ دنیا کا مہنگا ترین کباب

مشرقی کھانوں کی بات ہو تو کباب جیسی سوغات کا ذکر ضرور ہوتا ہے کیونکہ یہ ہمارے ہاں مقبول ترین کھانوں میں سے ایک ہے

جاپانی واگیو بیف سے تیارکردہ دنیا کا مہنگا ترین کباب

لندن : مشرقی کھانوں کی بات ہو تو کباب جیسی سوغات کا ذکر ضرور ہوتا ہے کیونکہ یہ ہمارے ہاں مقبول ترین کھانوں میں سے ایک ہے ۔ مختلف انواع کے کباب سڑک کنارے چند روپے میں بھی دستیاب ہوتے ہیں اور بڑے ہوٹلوں میں سینکڑوں روپے کے بھی ملتے ہیں لیکن ایک کباب ایسا بھی ہے جس نے سب ریکارڈ ہی توڑدئیے ہیں۔ یہ لندن میں فروخت ہونیوالا رائل کباب ہے جو 925پائونڈ (تقریباً ایک لاکھ تیس ہزار پاکستانی روپے ) فی کباب کے حساب سے بکتا ہے ۔

رپورٹ کے مطابق یہ نایاب کباب لندن کے علاقے کنری وارف میں فروخت کیا جاتا ہے اور اسے کھانے کیلئے شوقین افراد دنیا بھر سے آتے ہیں یہ بنیادی طور پر ایک ترک سوغات ہے جس کا اصل نام ہاذیو ہے اسے جاپانی واگیو بیف سے تیار کیا جاتا ہے جبکہ تازہ کھمبیاں اور پچیس سال پرانا اطالوی سرکہ بھی اس کا حصہ ہوتا ہے ،دنیا کا مہنگا ترین کباب بنانے والے شخص اوندر ساہان کا دعویٰ ہے کہ دنیا میں اس سے بہتر کباب کہیں نہیں بنایا جاتا انہوں نے اپنے کباب کا تعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ اس میں اعلیٰ ترین کوالٹی کے جاپانی گوشت، سبزیوں، زیتون کے تیل، فرانسیسی شامس پنیر، ترک پودینہ اور قدیم سرکہ استعمال کیا جاتا ہے ۔ یہ مزیدار کباب برطانوی کباب ایوارڈز کے مقابلے میں پہلا انعام بھی حاصل کرچکا ہے ۔