عراق میں اسامہ بن لادن کا ہمنام کمسن بچہ جاں بحق

عراق میں اسامہ بن لادن کا ہمنام کمسن بچہ جاں بحق


بغداد:عراق میں القاعدہ تنظیم کے سابق سربراہ کے ہم نام 16 سالہ لڑکے کو اپنے نئے نام سے متعلق شناختی کاغذات وصول کرنے تھے تاہم "اسامہ بن لادن حسین" کا یہ خواب پورا نہ ہو سکا اور وہ کاغذات کی وصولی سے صرف 4 روز قبل کام کے دوران بجلی کا کرنٹ لگنے سے اپنی جان گنوا بیٹھا۔


تفصیلات کے مطابق حسین کے ایک عزیز مہند کے مطابق وہ گیارہ ستمبر کے واقعات کے فوری بعد 2001 میں پیدا ہوا۔ مہند نے بتایا کہ اس وقت صدام حسین کے دور میں عراق کے سرکاری میڈیا نے اسامہ بن لادن کو بہادر ہیرو کے طور پر پیش کیا۔ مہند کا کہنا ہے کہ حسین کے والد نے اسامہ سے متاثر ہو کر اپنے بیٹے کا یہ مرکب نام رکھا تھا تاہم یہ نام بچپن سے ہی اس کے لیے دشواریوں کا سامنا کرنے کا باعث بن گیا۔


سال 2003 میں عراق پر امریکی حملے کے بعد حسین کے گھر پر کئی بار امریکی فوجیوں نے چھاپہ مارا کیوں کہ ان کے پاس یہ معلومات تھیں کہ اس گھر میں اسامہ بن لادن موجود ہے۔اس وقت کے بعد سے حسین نے ایک مشکل زندگی گزاری اور وہ مشکلات سے بچنے کے لیے سنی اکثریتی علاقے الاعظمیہ میں اپنے گھر میں بند ہو کر رہ گیا۔بعد ازاں اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے حسین نے سڑکوں پر چائے فروخت کرنے کا کام کیا۔