گورنر ہاؤس لاہور کی دیواریں گرانے اور جنگلے اتارنے کا عمل شروع

گورنر ہاؤس لاہور کی دیواریں گرانے اور جنگلے اتارنے کا عمل شروع
کیپشن: اسکرین شاٹ

لاہور:گورنر ہاؤس لاہور کی دیواریں گرانے اور جنگلے اتارنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، یہ اقدام وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے احکامات کی روشنی میں گورنر ہاؤس لاہور کے گرد دیواریں گرانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ الحمرا کے سامنے مال روڈ پر دیواریں گرانے اور جنگلے اتارنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ گورنرہاوس دیوار مسمار کرکے حفاظتی جنگلا لگایا جائے گا۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق گورنر ہاؤس سے گورنر آفس مکمل طور پر ختم کرنے کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا، ابھی تک گورنر ہاؤس کی عمارت کے اندرونی حصوں کو درخواست کے ذریعے مخصوص اوقات میں دکھانے کی تجویز ہے۔ گورنر ہاؤس کے باغات سیروتفریح کے لئے پہلے ہی کھولے جا چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو کمیٹی کی جانب سے موجودہ گورنر ہاؤس میں متعدد اقدامات کی سفارش کی گئی ہے۔ وزیراعظم کی قائم کمیٹی نے گورنر ہاؤس میں میوزیم، آرٹ گیلری اور بوٹینیکل گارڈن کی تجویز دی ہے۔

گورنر ہاؤس سے گورنر آفس ختم ہونے کی صورت میں اس عمارت کا چارج گورنر پنجاب کے پاس رہے گا، اگر گورنر ہاؤس سے گورنر آفس کو ختم کیا جاتا ہے تو پھر ایوان وزیراعلیٰ کی عمارت کو اس مقصد کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے، تمام آپشنز پر ابھی بحث چل رہی ہے، حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔