اردن میں گھر میں آتشزدگی سے 13 پاکستانی جاں بحق، 3 زخمی

اردن میں گھر میں آتشزدگی سے 13 پاکستانی جاں بحق، 3 زخمی
کیپشن: واقعہ مشرقی اردن کے علاقے کرامے میں پیش آیا جہاں دو پاکستانی خاندان مقیم تھے۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ اردن میڈیا

عمان: اردن میں ایک گھر میں آگ لگنے سے 8 بچوں سمیت 13 پاکستانی تارکین وطن جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ اردن کے سول ڈیفنس حکام کا کہنا ہے ابتدائی معلومات کے مطابق پیر کی صبح الیکٹرک شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس پر اب مکمل طور پر قابو پالیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گھر میں آگ لگنے کا واقعہ مشرقی اردن کے علاقے کرامے میں پیش آیا جہاں دو پاکستانی خاندان مقیم تھے۔

ترک میڈیا کے مطابق گھر میں آتشزدگی کے واقعے میں 8 بچوں سمیت 13 پاکستانی جاں بحق اور 3 جھلس کر زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اردن کے سول ڈیفنس حکام کا کہنا ہے مکمل تحقیقات کے بعد جامع رپورٹ جاری کی جائے گی جس میں آگ لگنے کی تمام تر وجوہات کے بارے میں بتایا جائے گا۔