پنجاب حکومت نے میاں شہباز شریف اور حمزہ کے پیرول میں توسیع کا فیصلہ کر لیا: ذرائع

Punjab government decides to extend parole of Mian Shahbaz Sharif and Hamza: Sources
کیپشن: دونوں لیگی رہنماؤں نے حکومت سے پیرول کی مدت بڑھانے کی درخواست کی تھی: فائل فوٹو

لاہور: پنجاب حکومت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ کے پیرول میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنمائوں کے پیرول میں صرف ایک رو ز کا  اضافہ کیا گیا ہے۔ 

خیال رہے کہ دونوں لیگی رہنماؤں کو میاں شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کے جنازے میں شرکت کیلئے پانچ روز کیلئے پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز پیرول میں اضافے کیلئے ایک درخواست جمع کرائی گئی تھی کہ ابھی تعزیت کیلئے بہت سی شخصیات ملنے کیلئے آنا چاہتی ہیں، اس لئے رہائی کی مدت میں توسیع کی جائے۔

خیال رہے کہ میاں شہاز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت آج ختم ہو رہی تھی۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کی جانب سے پیرول میں اضافے کی درخوات کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ قانون کے تحت اگر کسی مجرم کے قریبی رشتہ دار کا انتقال ہو جائے یا اس کا رویہ اچھا ہو تو اسے پیرول پر رہائی دیدی جاتی ہے۔ اس کیلئے درخواست کا بغور جائزہ لیا جاتا ہے جس کے بعد مجرم کو جنازے اور میت کی تدفین میں شرکت کو صرف 12 گھنٹے کیلئے رہا کرنے کی اجازت ملتی ہے۔ تاہم حالات کے پیش نظر پیرول کی مدت بڑھائی جانے کی اجازت بھی دی جا سکتی ہے۔

میاں شہباز شریف کی والدہ کے انتقال کے بعد مسلم لیگ (ن) کی جانب سے دو ہفتوں کا پیرول دینے کی اجازت طلب کی گئی تھی تاہم حکومت نے لیگی صدر اور ان کے صاحبزادے حمزہ کو صرف پانچ دن کیلئے رہا کرنے کا فیصلہ کیا۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کو اپنی اہلیہ بیگم کلثوم کے انتقال پر بھی صرف پانچ روز کیلئے پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔