سعودی عرب میں شہریوں کی مدد کے لیے ویب پورٹل کا آغاز

سعودی عرب میں شہریوں کی مدد کے لیے ویب پورٹل کا آغاز

ریاض :سعودی عرب میں شہریوں کے اکاونٹ پروگرام کا باضابطہ طور پر وزیر محنت ڈاکٹر علی بن نصر الغافس کی موجودگی میں آغاز کر دیا گیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس پروگرام کے تحت رجسٹریشن کا عمل بھی سرکاری طور پر شروع ہوگیا اور سعودی شہری اس کی ویب سائٹ پر جا کر لاگ ان ہوسکتے ہیں۔شہری اکاونٹ سکیم میں شہری چوبیس گھنٹے اپنے کوائف کا اندراج کرکے لاگ ان ہوسکتے ہیں۔
سعودی حکومت نے ویب سائٹ کے ساتھ ایک مخصوص کال سنٹر کا بھی آغاز کیا ہے۔اس کا عملہ 635 سعودی خواتین پر مشتمل ہے ۔وہ دن میں اٹھارہ گھنٹے شہریوں کی مدد کے لیے موجود ہوں گی اور ان کے سوالوں کے جواب دیں گی۔
شہری اکاو¿نٹ پروگرام کے تمام ملازمین کو اس کے تمام خدو خال کے حوالے سے تربیت دی گئی ہے اور توقع ہے کہ وہ روزانہ قریباً 84 ہزار فون کال موصول کریں گے۔سعودی وزارت محنت اور سماجی ترقی کے سماجی ترقیاتی یونٹ کے جنرل سپروائزر اینجینئر ماجد الاسیمی نے اس پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں کی وضاحت کرتے ہوئے بتاتے ہیں ۔
ان میں سعودی خاندان ،موبیلٹی کارڈ رکھنے والوں کے خاندان ،کسی غیر سعودی شہری سے شادی کرنے والی ایک سعودی خاتون کا خاندان، غیر شادی شدہ خود مختار افراد ،بیوائیں ،رنڈوے ، مطلقہ عورتیں اور الگ تھلگ رہنے والے افراد شامل ہیں۔شہری اکاونٹ سکیم کو سعودی عرب کے اقتصادی تبدیلی کے پروگرام وڑن 2030ءمیں اہم حیثیت حاصل ہے اور اس کو معاشی تبدیلی کے اس عمل کا ایک بڑا آلہ قرار دیا جا رہا ہے۔