عمران خان نے گول میز کانفرنس میں شرکت نجم سیٹھی کی برطرفی سے مشروط کردی

عمران خان نے گول میز کانفرنس میں شرکت نجم سیٹھی کی برطرفی سے مشروط کردی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق کپتان نے پی سی بی کی جانب سے قومی کرکٹ کی بہتری کیلئے بلائی گئی گول میزکانفرنس میں شرکت کو نجم سیٹھی کی برطرفی سے مشروط کر دیا۔عمران خان نے ٹوئٹر پیغام میں نجم سیٹھی کا نام لیے بغیر مطالبہ کیا کہ شہریار خان کرکٹ ماہرین کو بورڈ میں شامل کرنے سے پہلے الیکشن فکسر ،سفارشی شخص کو بورڈ سے باہر نکالیں۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ کو سمجھنے والے لوگ ہی بورڈ میں بہتری لا سکتے ہیں، ماہرین کے بغیر اداروں کا وہی حال ہوتا ہے جو کرکٹ بورڈ کا ہو چکا ہے۔خیال رہے کہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی اور درپیش مسائل کے حل کیلئے سابق کرکٹرز اور ماہرین کی مدد طلب کرتے ہوئے 6اور 7مارچ کو لاہور میں گول میز کانفرنس طلب کر لی ہے۔ان کھلاڑیوں میں عظیم کپتان عمران خان، جاوید میانداد، ظہیر عباس، وسیم باری، وقار یونس، وسیم اکرم، شعیب اختر، عامر سہیل، راشد لطیف، رمیز راجہ، معین خان، عبدالقادر، انضمام الحق، اقبال قاسم، بازید خان، عاقب جاوید، سعید اجمل اور دیگر شامل ہیں جو دنیائے کرکٹ میں پاکستان کی کارکردگی میں ابتری اور بتدریج زوال کا حل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔

اس تقریب میں نجم سیٹھی سمیت پی سی بی کی گورننگ باڈی کے تمام اراکین بھی شرکت کریں گے تاہم پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اس اجلاس میں شرکت نجم سیٹھی کو بورڈ سے فارغ کرنے سے مشروط کردی ہے۔ یاد رہے کہ نجم سیٹھی کو 2013 کے عام انتخابات سے قبل پنجاب کا نگراں وزیر اعلی مقرر کیا گیا تھا اور الیکشن کے بعد عمران خان نے ان پر 35 پنکچر لگانے کا الزام عائد کیا تھا۔ٹوئٹر پر پیغام میں عمران خان نے نجم سیٹھی کا نام لیے بغیر کہا کہ شہریار خان انہیں بلانے سے قبل الیکشن فکسر اور سفارشی شخص کو بورڈ سے باہر اور کرکٹ ماہرین کو بورڈ میں شامل کریں۔نجم سیٹھی کو جب 2014 میں پی سی بی کا چیئرمین بنایا گیا تھا تو تحریک انصاف کے سربراہ نے الزام عائد کیا تھا کہ انہیں یہ عہدہ 2013 انتخابات میں پنکچر لگانے پر دیا گیا۔ان تمام الزامات کی نجم سیٹھی نے سختی سے تردید بھی کی تھی جبکہ بعدازاں عمران خان نے کہا تھا پنکچر لگانے والی بات محض سیاسی تھی۔