جدید ویپن ٹیسٹ رینج پاک فضائیہ کا حصہ بن گئی

جدید ویپن ٹیسٹ رینج پاک فضائیہ کا حصہ بن گئی

اسلام آباد: جدید ویپن ٹیسٹ رینج پاک فضائیہ کا حصہ بن گئی ہے جہاں مختلف قسم کے ملکی ساختہ اور غیر ملکی ہتھیاروں کے معیار  کو  جانچا جائے گا۔

پاک فضائیہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، ملکی ساختہ جے ایف 17 تھنڈر نے سومیانی فائرنگ رینج پر فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کو فائر کر کے کم رفتار سے پرواز کرنے والے مطلوبہ ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔جے ایف 17 تھنڈر نے بی وی آر (Beyond Visual Range) اور انفراریڈ میزائل فائر کر کے کم رفتار سے پرواز کرنے والے ہدف کو ٹھیک نشانہ لگا کر تباہ کرنے کا مظاہرہ کیا۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے سومیانی فائرنگ رینج میں جے ایف 17 تھنڈر سے میزائل فائرنگ کا مظاہرہ دیکھا۔

پاک فضائیہ کے اعلامیے کے مطابق آج کا دن پاک فضائیہ کی تاریخ میں ایک سنہری باب کا اضافہ ہے جب ایک جدید ویپن ٹیسٹ رینج کو پاک فضائیہ کا حصہ بنایا گیا جہاں مختلف قسم کے ملکی ساختہ اور غیر ملکی ہتھیاروں کے معیار کو جانچا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق چین کی معاونت سے تیار کردہ اس جدید رینج میں ایسے آلات نصب کیے گئے ہیں جو جہاز اور جہاز سے فائر کئے گئے میزائل کی پرواز اور زاویے کو جانچنے میں مدد فراہم کرتے ہیں، یہ مظاہرہ مختلف رفتار سے پرواز کرنے والے اہداف کو ڈھونڈ کر تباہ کرنے کی پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ ہم اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیں یہ غیر معمولی سنگ میل حاصل کرنے کی طاقت عطا فرمائی۔سربراہ پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں سے ان جدید ہتھیاروں کا کامیاب مظاہرہ اس طیارے کی ہمہ جہت صلاحیتوں کا مظہر ہے، یہ بات قابل فخر ہے کہ پاک فضائیہ کے 6 لڑاکا سکواڈرن پہلے ہی فخرِ پاکستان جے ایف 17 تھنڈر طیاروں سے لیس کیے جا چکے ہیں جو ملکی فضائی دفاع میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔