بالی ووڈ اداکارہ نے پاکستان سے متعلق حقیقت بیان کر دی

بالی ووڈ اداکارہ نے پاکستان سے متعلق حقیقت بیان کر دی

کراچی: پاکستانی فلم ”مان جاونا“ میں کام کرنے والی ایرانی نژاد بالی ووڈ اداکارہ ناز نوروزی نے پاکستان سے متعلق اپنی رائے کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان کا نہایت خراب تاثر پیش کیاجاتا ہے لیکن حقیقت بالکل مختلف ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں ناز نوروزی نے پاکستان میں کام کرنے کے حوالے سے بتایا کہ جب پاکستان سے فلم کی پیشکش ہوئی تو ان کے لیے اسے قبول کرنا ایک امتحان بن گیا۔ مجھے کئی لوگوں نے کہا کہ پاکستان کیوں جارہی ہو، وہاں تو جنگ جاری ہے لیکن میری فلم کے ہدایت کار اور ہیرو عدیل چوہدری نے میری بہت ہمت بندھائی اور ان کے کہنے پر میں نے یہاں آکر کام کرنے کا فیصلہ کرہی لیا۔ جب پاکستان آکر دیکھا تو یہاں کے حالات بہت مختلف لگے جب کہ کراچی کافی حد تک ممبئی جیسا ہے۔
فلم کے کردار اور حقیقی زندگی کے درمیان مماثلت کے حوالے سے ناز نے بتایا کہ فلم میں دکھانے والے مسائل عام زندگی میں بھی ہوتے ہیں، میں بھی ایسا ہی سوچتی ہوں کہ ابھی مجھے شادی نہیں کرنی بلکہ ابھی کام کرنا ہے کیونکہ مجھے لگتا ہے ابھی شادی کروں گی تو زندگی ختم ہوجائے گی فلم کا مرکزی کردار رانیہ بھی یہی سوچتی ہے۔