عمران خان ایک منٹ کیلئے بھی کبھی ہیلی کاپٹر ذاتی استعمال میں نہیں لائے، تحریک انصاف

عمران خان ایک منٹ کیلئے بھی کبھی ہیلی کاپٹر ذاتی استعمال میں نہیں لائے، تحریک انصاف

اسلام آباد: پی ٹی آئی نے خیبرپختونخواہ حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو نیب کی جانب سے جاری نوٹس کا خیر مقدم کیا ہے۔ تحریک انصاف کے مطابق عمران خان ایک منٹ کیلئے بھی کبھی ہیلی کاپٹر ذاتی استعمال میں نہیں لائے۔

بنی گالہ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا۔پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں نیب سے خواجہ آصف کی کرپشن کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست پر جلد عملدرآمد کا مطالبہ کیا گیا۔کمیٹی نے پختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف نیب کے نوٹس کا خیر مقدم کرتے ہوئے باقی صوبوں کے ہیلی کاپٹرز اور جہازوں کے استعمال کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خیبرپختونخواہ حکومت نیب کے نوٹس کا جواب دے گی۔ اجلاس میں پختونخوا حکومت اور پولیس کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعلی کے پی کے پرویز خٹک نے کہا کہ کوہاٹ اور مردان واقعات کے ذمہ دار جلد گرفتار ہوں گے۔اجلاس میں علی محمد خان کو خیبرپختونخواہ حکومت کا ترجمان مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں نواز شریف کے خلاف مقدمات کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ ٹرائل کورٹ میں نواز شریف کے خلاف مقدمات کی نگرانی کا فیصلہ کیا گیا۔پی ٹی آئی مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ کے مطابق کور کمیٹی اجلاس میں سینیٹ کے انتخابات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد طے پایا کہ پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ خیبرپختونخواہ سے سینیٹ کے ٹکٹکوں کا فیصلہ کرے گی۔اجلاس نے سینیٹ کے انتخابات کے حوالے سے مبینہ ہارس ٹریڈنگ کی مذمت بھی کی۔

اس سے قبل چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جا وید اقبال نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے خیبر پختونخواہ کے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب خیبر پختونخواہ کو انکوائری کا حکم دیا۔

ترجمان نیب نے کہا ہے کہ رپورٹس کے مطابق عمران خان نے 2 حکومتی ہیلی کاپٹرز غیر سرکاری دوروں کیلئے استعمال کیے۔ عمران خان نے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر 22 گھنٹے اور دوسرا ہیلی کاپٹر 74 گھنٹے استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخواہ نے مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔