رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز مرکزی ملزمان نامزد

رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز مرکزی ملزمان نامزد
کیپشن: ریفرنس چیئرمین ایگزیکٹو بورڈ کی حتمی منظوری کے بعد احتساب عدالت میں دائر کیا جائے گا۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: نیب نے رمضان شوگر ملز کیس میں جاری تحقیقات مکمل کر لی ہیں اور کرپشن ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ملزم نامزد کیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم کی زیر صدارت بورڈ میٹنگ ہوئی جس میں ڈائریکٹرز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

بورڈ میٹنگ میں رمضان شوگر ملز کیس میں جاری تحقیقات مکمل کرتے ہوئے کرپشن ریفرنس حتمی منظوری کے لیے نیب ہیڈ کوارٹر ارسال کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

نیب لاہور کے مطابق ہیڈ کوارٹر ارسال کیے گئے کرپشن ریفرنس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ڈائریکٹر رمضان شوگر ملز حمزہ شہباز مرکزی ملزم نامزد کیے گئے ہیں۔ ریفرنس چیئرمین ایگزیکٹو بورڈ کی حتمی منظوری کے بعد احتساب عدالت میں دائر کیا جائے گا۔ ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال سے مبینہ طور پر 21 کروڑ روپے کی کرپشن کے الزام میں تحقیقات جاری تھیں۔

نیب لاہور کا کہنا ہے کہ سابق پرنسپل سیکریٹری وزیر اعظم ملزم فواد حسن فواد کے خلاف بھی آمدنی سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں اور ریجنل بورڈ کی جانب سے ملزم فواد حسن فواد کے خلاف کرپشن ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

نیب کے مطابق ملزم فواد حسن فواد پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مبینہ طور پر 1 ارب سے زائد مالیت کے اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے۔